اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، اے پی پی)وفاقی حکومت نے موبائل فون کارڈز پر ایڈوانس ٹیکس مرحلہ وار ختم کرنے کی منظوری دے دی ۔موبائل فون کارڈز پر پہلے مرحلے میں دو فیصد انکم ٹیکس ختم کرنے کی تجویز پیش کی گئی جبکہ دوسرے مرحلے میں موبائل فون کارڈز پر
2.5 فیصد انکم ٹیکس ختم کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ موبائل فون کارڈز پر 12.5 فیصد انکم ٹیکس عائد ہے، موبائل فون کارڈز پر آئندہ بجٹ میں ٹیکس کم کیے جائیں گے۔ حکومت نے سم کارڈز پربھی ٹیکس ختم کرنے کی منظوری دے دی۔ ٹیکس چھوٹ کا اطلاق آئندہ بجٹ میں ہوگا۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ٹیکس کم کرنے کی تجاویز اصولی طور پر منظور کر لی ہیں۔اس کے علاوہ اجلاس میں وزارت توانائی کی جانب سے 0.10 روپے فی کلوواٹ آور کے حساب سے صارفین سے نیلم جہلم سرچارج کی منسوخی سے متعلق سمری پیش کی گئی، ای سی سی نے تجویر کاجائزہ لیا اوراس کی فوری طورپر منسوخی کی منظوری دی۔سیکرٹری وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق نے زراعت کیلئے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے اعلان کردہ مالیاتی پیکج کے تحت زراعانت کی تقسیم کے طریقہ کارسے متعلق سمری پیش کی۔ای سی سی نے وزارت خزانہ کی منظوری کے بعدصوبوں میں زراعانت کی بروقت تقسیم کویقینی بنانے کیلئے سمری کی
منظوری دی۔اجلاس میں سرکاری شعبہ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت نیشنل الیکٹرانکس کمپلیکس آف پاکستان کیلئے ساورن گارنٹی سے متعلق سمری پیش کی گئی، ای سی سی نے اس سمری کی منظوری دیدی۔اجلاس میں جاری مالی سال کے دوران وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی
سے سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کو55 کروڑ روپے دینے، جاری مالی سال میں خصوصی ٹیکنالوجی زونز کیلئے مختص کردہ 363.23 ملین روپے میں سے 200 ملین روپے اور مالی سال 2019-20 میں احساس پروگرام کیلئے میڈیا مہم کے واجبات کی ادائیگی کیلئے وزارت اطلاعات ونشریات کو109 ملین روپے کی ضمنی تکنیکی گرانٹس کی منظوری دی گئی۔