اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب اور خیبرپختونخوا کے چار حلقوں میں ضمنی انتخاب ہوئے جس کے نتائج کا سلسلہ جاری ہے، نوشہرہ سے ن لیگ کے رہنما نے فتح حاصل کرکے اپ سیٹ کر دیا ہے، جبکہ این اے 75 ڈسکہ ضمنی الیکشن کے360 میں سے 134 پولنگ سٹیشنز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی
نوشین افتخار 36744 لیکر پیچھے اور پاکستان تحریک انصاف کے علی اسجد ملہی 45226 ووٹ لیکر آگے ہیں۔نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق این اے 75 ڈسکہ کی نشست مسلم لیگ ن کے ایم این اے افتخارالحسن شاہ کے انتقال پر خالی ہوئی تھی۔واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب میں کشیدگی اور فائرنگ کے باعث 2افراد جاں بحق اور دیگر 3زخمی ہوگئے۔عینی شاہدین اور مقامی میڈیا کے مطابق سیالکوٹ کے علاقے ڈسکہ کے پولنگ اسٹیشن گوئندکے میں مسلح افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پاکستان مسلم لیگ (ن)اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)سے تعلق رکھنے والے دو کارکن دم توڑ گئے۔واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچی جبکہ عینی شاہدین نے کہا کہ علاقے میں اسلحے کی سرعام نمائش ہوتی رہی اور کہیں بھی قانون کی بالادستی نظر نہیں آئی۔ڈی پی او سیالکوٹ حسن اسد علوی نے دو افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فائرنگ سے 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن)سے تعلق رکھنے والے مرکزی ملزم جاوید نے صبح ہی گوئندکے پولنگ اسٹیشن کا دورہ کیا جہاں ان کی ایک کارکن سے تلخ کلامی ہوئی اور وہ کارکن بعد ازاں جاں بحق ہوا۔انہوں نے کہا کہ وہ بعد ازاں
پولنگ اسٹیشن میں دوبارہ آئے تو پی ٹی آئی کے کارکن عمارت سے باہر نکل رہے تھے تو انہوں نے فائرنگ کی اور جائے وقوع سے فرار ہو گیا۔پولیس افسر نے کہا کہ پولیس انہیں گرفتار کرنے کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔صوبائی پولیس سربراہ (آئی جی)انعام غنی نے ریجنل پولیس افسر کو احکامات جاری کر دیں کہ ملزمان کو فوری
گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی جائے۔وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے بھی واقعے کا نوٹس لیا اور ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں فائرنگ کے واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ میں نے آئی جی پولیس سے واقعے کی مکمل تحقیقاتی رپورٹ طلب کی ہے، ملزمان کے خلاف فوری اور بلا امتیاز کارروائی ہو گی۔