لاہور(آن لائن) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ووٹ چور حکومت آپ کا ووٹ چوری کرنے کا ہر حربہ استعمال کرے گی، مسلم لیگ ن کی جیت ان کیلئے موت سے بدتر ہے۔ ان چوروں کو ہرحال میں روکنا ہے اور ووٹوں پر کڑی نظر رکھنی ہے،
الحمدْللّہ عوام نے شیر کے حق میں فیصلہ سنا دیا ہے، اب فیصلے کی حفاظت باقی ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر کارکنان اور سپورٹرز کو اپنے پیغام میں کہا کہ میں مسلم لیگ ن کے،خصوصاً ڈسکہ، وزیرآباد اور نوشہرہ کے ورکرز سے درخواست کرتی ہوں کہ آج آپ نے پی ٹی آئی کے حکومتی اراکین اور پولیس کی کھلم کھلا غنڈہ گردی اور دھاندلی کے باوجود جس جرآت بہادری اور عزم سے ووٹ ڈالا ہے، اب اسی جرات اور بہادری سے اپنے ووٹ پر پہرہ بھی دیں اور اس کی حفاظت کریں۔ کارکنان ووٹوں کی گنتی اور بیلٹ باکس کی ترسیل کے دوران نہ صرف پولنگ سٹیشنز پہ رہیں بلکہ بیلٹ پیپرز کی ترسیل کے دوران بھی ریٹرننگ افسرز کے دفاتر تک پہرہ دیں اور جب تک تمام فارمز 45 اور فائنل رزلٹ نہیں مل جاتا برائے مہربانی اپنے ووٹ کی حفاظت کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ووٹ چور حکومت آپ کا ووٹ چوری کرنے کا ہر حربہ استعمال کرے گی۔ مسلم لیگ ن کی جیت ان کے لئے موت سے بد تر ہے۔