اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )بزرگ سیاستدان اورمسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی کے والد چوہدری شیرعلی کی سابق وزیر اعظم نواز شریف کی معافی کے لیے رو رو کر دعائیں ،ویڈیو وائرل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک
عوامی اجتماع کے دوران مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری شیر علی پنجابی زبان میں دعا مانگ رہے ہیں ، جس میں انہیں رو رو کر مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی معافی کی دعائیں مانگتے ہوئے دیکھا گیا۔اپنی دعا میں چوہدری شیر علی نے کہا کہ یا اللہ میاں نوازشریف پر جو بھی سختی آئی ہے ، جن بھی گناہوں کی پکڑ آئی ہے ، یا اللہ وہ گناہ معاف کردے ، ان کے سارے خاندان کو معاف کردے ، نواز شریف کے ملک میں دوبارہ واپس آنے کے راستے بنادے اور ملک میں ایک بار پھر سابق وزیر اعظم کو اقتدار دے دے۔چوہدری شیر علی نے یہ دعا بھی مانگی کہ اس ملک سے وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کا بیڑہ غرق کردے۔دوسری جانب راناثنا اللہ خان کے خلاف ایک بار پھرچوہدری شیر علی بھرپور متحرک ہوگئے ،دونوں گروپوں کے مقامی رہنمائوں کے ایک دوسرے پر الزامات سامنے آگئے ، مقامی جماعت کے رہنمائوں نے چوہدری شیرعلی پر ذاتی حملے کرنا شروع کر دیئے۔ جس کا پارٹی قیادت نے سخت نوٹس لے لیا ہے۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پارٹی قیادت نے ایسے بیانات پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔مخالفانہ بیان بازی کرنے والوں کو شوکاز نوٹس جاری ہونے کا بھی امکان ہے۔