اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک پاکستانیوں کی شکایت پرنوٹس لیتے ہوئے وزارت خارجہ کو 20دن میں ایکشن پلان مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک پاکستانیوں کی شکایت پرنوٹس لے لیا، جس کے بعد بیرون ملک تعینات سفارتی عملہ کو روایتی سستی کا
مظاہرہ مہنگا پڑسکتا ہے۔بیرون ملک سفارتی عملے اور مشن کی کارکردگی بہتربنانے کیلئے عملی اقدامات اور تعینات پاکستانی سفارتی عملے کیلئے پرفارمنس انڈیکیٹرپرمبنی جامع ایکشن پلان کاآغاز کردیا گیا۔وزیراعظم نے وزارت خارجہ کو 20دن میں ایکشن پلان مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا پاکستانی سفارتی عملے کی پرفارمنس پر مبنی ریٹنگ طے ہو گی اور رپورٹ ہر 4 ماہ بعد وزیراعظم عمران خان کو پیش کی جائے گی جبکہ بہترکارکردگی نہ ہونے پر عملے کی تعیناتی ختم کر کے واپس بلایا جائے گا۔واضح رہے کہ وزیراعظم کواوورسیز پاکستانیوں،بزنس کمیونٹی نے عدم تعاون کی شکایت کی تھی کی بیرون ملک میں مقیم سفارتی عملہ تعاؤن نہیں کرتا جس کا وزیراعظم عمران خان نے نو ٹس لیا تھا۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماوں اور ترجمانوں کا اجلاس، براڈشیٹ، فارن فنڈنگ، لاہور میں قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی پر بات چیت،قبضہ مافیا کیخلاف کارروائی پر مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر، الیکشن کمیشن میں زیر سماعت کیسز پر فرخ حبیب، براڈ شیٹ پر وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ (ن) لیگ قبضہ مافیا کو سپورٹ کررہی ہے۔سیاسی سرپرستی کے بغیر کوئی قبضہ نہیں کر سکتا، وزیراعظم نے قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کا دائرہ کار وسیع کرنے کی ہدایت کی جب کہ حکومتی ترجمانوں کو قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن سے قوم کو آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔