لاہور (آن لائن) پاکستان ریلویز حکام نے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کے دور کے دو سال 4 ماہ کے عرصے پر مبنی کارکردگی رپورٹ تیار کرلی ہے۔ جسے وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی کو پیش کیا جائے گا۔ ریلوے ذرائع کے مطابق رپورٹ میں واضح طور پر بتایا گیا ہے کہ پاکستان ریلوے کو اس وقت اربوں روپے کا خسارہ ہے۔ پاکستان ریلوے متعدد نئی ٹرینیں چلانے کے باوجود نہ تو خسارہ کم کر سکا اور
نہ ہی دو سال 4 ماہ میں بہتر نتائج دے سکا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اگست 2018ء سے لیکر دسمبر 2020ء تک پاکستان ریلوے میں مجموعی طور پر 427 ٹرین حادثات ہوئے۔ جن میں 229 افراد اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 255 افراد شدید زخمی ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد میں 99 مسافر 121 راہگیر اور 9 ریلوے ملازمین شامل ہے۔ جس سے پاکستان ریلوے 3 کروڑ 80 لاکھ روپے سے زائد کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔