لاہور (آن لائن) جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما اور مسلم لیگ (ن) کے پی پی 68 سے ٹکٹ ہولڈر پیر سید محمد محفوظ مشہدی نے مسلم لیگ ن کے سینیٹ اور ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سیاست جذبات نہیں دانشمندی سے کی جاتی ہے۔
پی ڈی ایم کی جماعتوں کا کوئی بھی سیاسی میدان نااہل غیر سیاسی ٹولے کے لیے نہ چھوڑنے کا فیصلہ وقت کی ضرورت ہے۔جنر ل پرویزمشرف کی آمرانہ حکومت کا سیاسی جماعتوں نے جمہوری انداز سے مقابلہ کیا ،اسے بے نقاب کیا اور باور کروایا کہ فوج کو سیاست میں استعمال کرنے والا شخص جمہوریت اور آئین کے لیے خطرہ ہے۔ جمہوری جدوجہد کے بعد جنرل پرویز مشرف کو اقتدار سے نکال باہر کیا تھا۔ اس لیے پی ڈی ایم رابطہ عوام مہم کے سلسلے میںجلسے جاری رکھے۔ بھر پورلانگ مارچ سے جعلی حکمرانوں کو چلتا کرے۔ اور کسی بھی الیکشن کا بائیکاٹ نہ کرے۔پیر محفوظ مشہدی نے کہا کہ پہلے لانگ مارچ ہو گااور اس کے بعد استعفوں کا فیصلہ مشاورت سے کیا جائے گا۔ جے یو پی کے رہنما نے کہا کہ استعفے دینے کی بات ابھی نہیں ہونی چاہیے تھی کیونکہ قبل از وقت اعلان کو میڈیا اور سیاسی مخالفین نے مذاق بنا لیا ہے