اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے متحدہ عرب امارات کے سفیر سے ملاقات کی جس میں پٹرولیم سیکٹر میں جاری منصوبوں کی پیشرفت پر گفتگو کی گئی۔ عمر ایوب نے کہاکہ پاکستان متحدہ عرب امارات کی پٹرولیم سیکٹر میں تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،
توانائی مارکیٹ کو مزید وسعت دینے کیلئے مسابقتی اور موثر بنایا جا رہا ہے، حکومت توانائی کے شعبے کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے۔ سفیر نے کہاکہ متحدہ عرب امارات پاکستانی توانائی سیکٹر میں سرمایہ کاری بڑھانے کا خواہاں ہے۔ یو اے ای سفیر نے کہاکہ توانائی سیکٹر میں تعاون بڑھنے سے دونوں ممالک کے مابین معاشی تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔واضح رہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات ہوئی تھی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات ، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے پاکستانی قیادت کی جانب سے عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دو طرفہ گہرے برادرانہ تعلقات ہیں ، پاکستان متحدہ عرب امارات کیساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔