لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر تجزیہ کار ایاز امیر نے کہا ہے آصف زرداری بیوقوف نہیں کہ مولانا فضل الرحمن کے کہنے پر سب لپیٹ دیں گے ، سب سے زیادہ مسئلہ مولانا اور لندن والے کو ہے ۔ نجی ٹی وی پروگرام مین ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی اچھے کام کے لیے ڈائیلاگ ہو تو اسے ہم
ڈائیلاگ کہیں گے لیکن یہاں تو مسئلہ کچھ اور ہے ۔ پروگرام میں موجود ماہر سیاسیات ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا لفظ گرینڈ کو فارغ کر دیجئے ، کوئی گرینڈ چیز نہیں۔ جمہوریت میں مذاکرات ہوتے رہتے ہیں،روٹھ کر بیٹھنے والی کیفیت نہیں ہوتی۔ این آر او کے لفظ کو بین ہونا چاہیے ، اگر سیاست کو چلانا ہے تو جمہوری قوتوں میں بات ہونی چاہیے ، پیپلزپارٹی کا معاملہ لڑنا ہے ، مرنا نہیں، (ن) لیگ لڑنا اور مرنا بھی چاہتی ہے ۔ سینیٹ الیکشن بھی ہوں گے اور نظام بھی چلتا رہے گا لیکن سیاست دان اپنے آپ کو زخمی کر لیں گے ۔ جبکہ سینئر تجزیہ نگار خاور گھمن نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کے انقلابی گروپ سے کسی کا کوئی رابطہ نہیں۔اس گروپ کو مریم نواز چلا رہی ہیں۔ غیر انقلابی گروپ سے رابطے ہیں،کسی نہ کسی سطح پر بات چیت بھی ہوتی رہتی ہے ۔ پی ڈی ایم کی موجودہ صورت حال حکومت کو گھر نہیں بھیج سکتی ،نا ہی کوئی ایسا امکان ہے ۔