لاہور (این این آئی)شدید دھند کے باعث موٹر وے ایم ٹو، ایم تھری اور ایم فور کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ۔ترجمان موٹر وے کے مطابق شدید دھند کے باعث ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک اور ایم تھری لاہور سے رجانہ تک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی ۔ دوسری جانب
موٹر وے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک بند کر دی گئی ، حد نگاہ کم ہونے پر فیصل آباد اور لاہور سیالکوٹ موٹروے بھی بند کر دی گئی ہیں۔ ترجمان موٹروے کے مطابق قومی شاہراہ بھی ٹھوکر نیاز بیگ، مانگا منڈی، پتوکی، پھول نگر، رینالہ خورد، اوکاڑہ اور چیچہ وطنی تک دھند کی لپیٹ میں رہی، حد نگاہ کم تھی اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، دوسری جانب علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر شدید دھند کے باعث پروازوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا ،اندرون و بیرون ممالک سے آنے والے متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔شدید دھنے کے باعث دبئی ،استنبول اور لندن سمیت اندرون ملک پروازیں روکی گئی۔ لندن سے لاہور آنے والی برٹش ائیرویز کی پرواز اسلام آباد اتار لی گئی ،دبئی ،شارجہ اورابوظہبی سے لاہور آنے والی پروازیں بھی تاخیر کا شکار رہی ۔پی آئی اے کی لاہور سے کراچی اور دبئی جانے والی پروازیں بھی موسم کی خرابی کے باعث روکی گئی جس سے پروازوں کی روانگی میں گھنٹوں کی تاخیر ہوگئی ۔ اسی طرح لاہور آنے والے پروازیںبھی گھنٹوں تاخیر کا شکار رہیں۔