کراچی(این این آئی)سندھ ہائی کورٹ نے نیب انکوائری میں پیپلزپارٹی کے رہنمااور سابق صوبائی وزیرمنظورحسین وسان کی عبوری ضمانت میں 14فروری تک توسیع کر دی ہے۔منگل کوسندھ ہائی کورٹ میں نیب انکوائری میں پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان کی درخواستِ
ضمانت پر سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ منظور وسان کے خلاف انکوائری مکمل کر کے ہیڈ کوارٹر بھیج دی ہے۔نیب پراسیکیوٹرنے بتایاکہ ہیڈ کوارٹر نے انکوائری پر دوبارہ اعتراض لگائے ہیں، انہیں دور کرنے کے لیے وقت چاہئے۔سندھ ہائی کورٹ نے نیب کو 14 فروری تک مہلت دیتے ہوئے آئندہ سماعت پرپیش رفت رپورٹ طلب کر لی۔عدالتِ عالیہ نے منظور وسان کی عبوری ضمانت میں بھی 14 فروری تک توسیع کر دی۔پیپلز پارٹی رہنمامنظور وسان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیراورپاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما منظورحسین وسان نے کہاکہ میرے خواب کے مطابق حالات صحیح نہیں جا رہے، سال 2021 سال 2020 سے بھی مشکل ہو گا۔انہوں نے کہا کہ 2021 میں کچھ بھی ہو سکتا ہے، میں سینیٹ الیکشن سے پہلے کچھ اور دیکھ رہا ہوں۔نیا سال آسان بھی ہوسکتا ہے اور مشکل بھی ہو سکتا ہے۔