لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر پرویز ملک کے استعفے کی خبریں گردش میں ہیں، نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق پرویز ملک کی جگہ سردار ایاز صادق کو لاہور کی صدارت سنبھالنے کا کہا گیا ہے
لیکن ایاز صادق نے یہ ذمہ داری سنبھالنے سے انکار کر دیا ہے اور کہا ہے کہ لاہورکی صدارت کسی نوجوان کو سونپی جائے، ان کی اپنے حلقے اور پارٹی کے دیگر امور پر توجہ مرکوز ہے۔ نجی ٹی وی چینل کے ذرائع کے مطابق پرویز ملک خرابی صحت کے باعث صدارت کا عہدہ مزید اپنے پاس نہیں رکھنا چاہتے۔ پرویز ملک کی اہلیہ شائستہ پرویز ملک کاکہنا ہے کہ وہ بیس سال سے اس عہدے پر فائز ہیں، پرویز ملک اب مزید بھاگ دوڑ نہیں کر سکتے، ان کی اہلیہ نے کہا کہ انہوں نے لاہور جلسے سے پہلے ہی صدارت چھوڑنے کا کہہ دیا تھا، ان کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ پرویز ملک صدارت چھوڑنے کے باوجود پارٹی امور میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔