لاہور(این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جاتی امرا کی جعلی راج کماری کا آر یا پار کا جعلی اعلان بھی جعلی ثابت ہوا۔8دسمبر گزر گیا آر ہوا نہ پار،جعلی راج کماری کا ہر دعوی جھوٹا نکلا۔13دسمبر بھی گزر جائے گا،پی ڈی ایم پرانی تنخواہ پر ہی کام کرتی رہے گی۔جلسے کریں یا جلوس نکالے ،حکومت کہیںنہیں جائے گی۔
جعلی راج کماری جتنے مرضی دورے کرلے،2دن بعد ان سب کو وہ’’ دورہ‘‘ پڑے گا کہ دنیا دیکھے گی۔انہوںنے کہا کہ پی ڈی ایم کا سیاسی جنازہ نکل چکا،انہیں اب اپنی منفی سیاست دفنانے کیلئے جگہ نہیں ملے گی ۔ افراتفری کی سیاست کا جواب خدمت کی سیاست سے دے رہے ہیں۔ایک طرف ہمارا ازلی دشمن سرحدوں پر بیٹھا وطن عزیز کے استحکام کیخلاف سازش کررہا ہے ۔دوسری طرف ملک دشمن ایجنڈے پر چلنے والی پی ڈی ایم انتشار پھیلا کر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہے۔دوسری جانب صوبائی وزیر جیل خانہ جات و کالونیز پنجاب فیاض الحسن چوہان پی ڈی ایم کے استعفوں کے حوالے سے کیے گئے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ آر یا پار کہنے والی پی ڈی ایم دراصل لاچار ہوچکی ہے اور ان کے اتحاد کے پول کھل کے سب کے سامنے ا ٓچکے ہیں۔ فضل الرحمان کو ایک بار پھر سے سیاسی شکست کا سامنا کرنے کی لیے تیار رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ استعفوں کا ڈرامہ صرف سوشل میڈیا تک محدود تھا۔ مریم نواز استعفوں کی ڈفلی بجا رہی ہیںاور بلاول زرداری استعفوں سے انکار کی بانسری بجا رہے ہیں۔ انکو اعوام کے مسائل سے کوئی غرض نہیں انکا اصل مقصد اپنی اپنی کرپشن کو بچاناہے ۔ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام جماعتیں صرف ملک میں انارکی پھیلانا چاہتی ہیں۔پاکستان عمران خان کی قیادت میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔