اسلام آباد ( آن لائن) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ سال 2021 کے پہلے تین ماہ جنوری سے مارچ کے درمیان کورونا وائرس کی ویکسین ملک میں دستیاب ہوگی ،صحت حکام کورونا وائرس ویکسین کے حصول کے لیے چین، روس سمیت
دیگر ممالک سے بات چیت کر رہے ہیں۔ غیر ملکی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ہم اپنی ترجیحی فہرست کو محدود کرنے کے بعد کورونا وائرس کی ویکسین کے حصول کے لیے چین، روس اور دیگر چند ممالک سے بات کر رہے ہیں ،ویکسین، پاکستان میں آئندہ سال جنوری سے مارچ کے درمیان میں دستیاب ہوجائے گی اور پہلے مرحلے میں طبی عملے اور زیادہ عمر کے افراد کو دی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ابھی کچھ حتمی نہیں ہے تاہم میں آپ کو یہ بتا سکتا ہوں کہ ہمیں ایک ذریعے سے زیادہ پر انحصار کرنا ہوگا، جبکہ ہم کوئی بھی ویکسین اس کی افادیت اور محفوظ ثابت ہونے کے بعد حاصل کریں گی۔