اسلام آباد (این این آئی)کرونا ویکسین کی ملک گیر ترسیل کیلئے حکمت عملی تیار کرلی گئی۔ ذرائع کے مطابق ویکسین ترسیل سٹریٹجی کا نام ویکسین ایڈمنسٹریشن پلان ہو گا، ویکسین ایڈمنسٹریشن پلان توسیع پروگرام حفاظتی ٹیکہ جات کا تیار کردہ ہے۔ذرائع کے مطابق این سی او سی نے ویکسین
ایڈمنسٹریشن پلان کی منظوری دیدی، کرونا ویکسین کی سٹوریج، ملک گیر ترسیل ای پی آئی کے سپرد کر دی گئی،ملک بھر میں کرونا ویکسین لگانے کیلئے عملہ ای پی آئی فراہم کریگا۔ ذرائع کے مطابق کرونا ویکسین کی ملک گیر ترسیل کیلئے لاجسٹک ای پی آئی فراہم کریگا، کرونا ویکسین کی ملک گیر ترسیل کیلئے خصوصی سکیورٹی انتظامات ہونگے۔دریں اثنا پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے کہاہے کہ 2021ء کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی ویکسین دستیاب ہوگی۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں نوشین حامد نے کہاکہ 2021ء کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی ویکسین دستیاب ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ کورونا ویکسین کے حصول کیلئے ڈیڑھ سو ملین ڈالر مختص کیئے گئے ہیں۔ڈاکٹر نوشین حامد نے کہاکہ کورونا کی دوسری لہر خطرناک ثابت ہوسکتی ہے اگر ہم نے احتیاط کا دامن نہ تھاما۔ڈاکٹر نوشین حامد نے کہاکہ عوام سے گذارش ہے کہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔