اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر تجزیہ کار حامد میر نے پاکستان ڈیمو کریٹک مومنٹ کے ملتان جلسہ کو کامیاب قرار دیدیا ۔ تفصیلات کے مطابق سینئر اینکر پرسن نے ملتان جلسے کے حوالے سے کہا ہے کہ ملتان کا جلسہ کامیاب کرانے کیلئے اپوزیشن جماعتوں سے زیادہ زور حکومت نے لگایا ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انہوں نے لکھا کہ ملتان کے جلسے کو
کامیاب بنانے کے لئے اپوزیشن سے زیادہ زور حکومت نے لگایا، پہلے پکڑ دھکڑ کی گئی پھر دھمکیاں دیں گئیں ،سڑکوں پررکاوٹیں کھڑی کی گئیں ،جب اپوزیشن باز نہ آئی تو حکومت نے ہتھیار پھینک دیے یہ جلسہ آغاز سے پہلے ہی میڈیا پر چھاگیا اور اپوزیشن سرخرو نظر آئی، اسے کہتے ہیں آ بیل مجھے مار۔ دوسر ی جانب ملتان میں پی ڈی ایم کے جلسے کے باعث بیشتر سڑکیں بند کر دیں گئی تھیں ، جب کہ شہر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل کی گئی ، پی ڈی ایم کے جلسے کو روکنے کے لیے مختلف اضلاع سے پنجاب پولیس کی اضافی نفری کو طلب کیا گیا جب کہ کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے شیل اور ربڑ کی گولیاں منگوالی گئی۔ اسٹیڈیم کو کارکنان سے خالی کرا کے ایک بار پھر سے تالے لگا دیے گئے ہیں، اسٹیڈیم سے سیاسی رہنماؤں کے پینا فلیکس اور بینرز بھی اتار دیے گئےتھے جب کہ چوک گھنٹہ گھر کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات کر کے رکاوٹیں کھڑی کی گئیں۔ پولیس نے گیلانی ہاؤس جانے والے راستے سیل کیے جب کہ شہر کی بیشتر سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی ہونے سے عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا جبکہ ملتان کے بیشتر علاقوں میں موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ سروس بھی جزوی طور پر معطل رہی ۔علاوہ ازیں سرکاری املاک کی توڑ پھوڑ، ملازمین کو زخمی کرنے اور کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر سیاسی رہنماؤں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں ۔