کراچی(آن لائن) کراچی پولیس نے کینسر کے مرض میں مبتلا بچے کی پولیس افسر بننے کی خواہش کو پورا کردیا،کراچی پولیس آفس میں سماجی تنظیم کی درخواست پر سادہ مگر پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔کراچی پولیس ترجمان کے مطابق کراچی پولیس نے میک آ وش
فاونڈیشن (Make A Wish Foundation) کی جانب سے کینسر کے مریض بچے کی خواہش کو عملی جامہ پہنایا، کینسر کے مرض میں مبتلا 14 سالہ محمد حسنین نے پولیس افسر بننے کی خواہش کا اظہار کیا تھا،ایڈیشنل آئی جی کراچی پولیس نے ننھے حسنین کی خواہش کو پورا کرتے ہوئے اسسٹنٹ سپریٹنڈنٹ آف پولیس کا رینک لگایا،اے ایس پی حسنین نے اسٹریٹ کرائم کی واردات کو بھی ناکام بنایا اور دو ملزمان کو گرفتار کیا،کراچی پولیس چیف نے کینسر جیسے موذی مرض سے لڑنے والے بہادر محمد حسنین کو تعریفی سند اور کیش انعام سے نوازا،ایڈیشنل آئی جی کراچی نے اے ایس پی محمد حسنین کو پولیس محکمے میں خوش آمدید کہا اور اعزازی شیلڈ بھی پیش کی،محمد حسنین کی خواہش کو پایا تکمیل تک پہنچانے کیلئے ڈی آئی جی ایڈمن امین یوسفزئی، ڈی آئی جی سکیورٹی ڈویڑن مقصود میمن، ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر، ڈی آئی جی ساوتھ جاوید اکبر ریاض اور ڈی آئی جی ایسٹ نعمان صدیقی کراچی پولیس آفس میں موجود رہے،ایڈیشنل آئی جی کراچی نے میک آ وش فاونڈیشن کے منتظمین کیجانب سے ننھے حسنین کی پولیس افسر بننے کی خواہش کی تکمیل کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور انکا شکریہ ادا کیا، کراچی پولیس مستقبل کے معماروں کے جذبے کو سراہتی ہے اور انکے محفوظ مستقبل کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔