لاہور ( آن لائن) نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی میت دو سے تین روز میں لندن سے لاہور پہنچ جائے گی۔ پنجاب حکومت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پانچ روز کیلیے پرول پر رہائی کی منظوری دے دی ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق خاندانی
ذرائع کا کہناہے کہ سابق وزیراعظم نوا شریف اور شہبازشریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی میت لندن سے لاہور چند روز میں پہنچے گی۔ ن لیگی قائدین کی طرف سے مرحومہ کی میت جمعرات یا جمعہ کو لاہور پہنچانے کی تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں۔قطر ائیر ویز کے لئے ڈاکیومینٹس مکمل کر کے جمع کروا دیئے گئے ہیں۔ اس سے پہلے بیگم شمیم اختر کی میت ہفتہ کے روز برٹش ایئر ویز کے ذریعے لاہور پہنچائے جانے کی اطلاعات تھیں۔دوسری جانب اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی منظوری دے دی گئی ہے۔ پیرول پر رہائی کی منظوری 5 روز کے لیے دی گئی ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب نے تھرو سرکولیشن کابینہ سے منظوری لی۔ تھروسر کولیشن منظوری کی سمری وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ارسال کر دی گئی ہے۔ شہباز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز ایئرپورٹ پر میت وصول کریں گے جبکہ دوسرے لیگی قائدین بھی ہمراہ ہوں گے۔