لاہور ،اسلام آباد(آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام 13 دسمبر کو لاہور میں ہونے والے پی ڈی ایم کے احتجاجی جلسے کے پیش نظر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے گرفتاریوں سے بچنے کے لئے اپنی عبوری ضمانتیں کروانا شروع کر دی ہیں، بتایا گیا
ہے کہ متعدد (ن) لیگی کارکنوں نے بھی عدالتوں میں اپنی درخواست ضمانت دائر کر دی ہیں، واضح رہے کہ درخواستیں دائر کرنے والے کارکنوں کے خلاف چند روز نیب آفس کے باہر ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے الزامات میں مقدمات درج کر رکھے تھے، بیشتر کارکنوں نے تھانہ چوہنگ کی طرف سے 200 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمات کے پیش نظر اپنی درخواست ضمانت دائر کی ہیں۔دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی نے پشاور کی ضلعی انتظامیہ کے پی ڈی ایم جلسے کی اجازت نہ دینے کے فیصلے کو مسترد کردیا۔پی پی پی خیبرپختونخوا کے جنرل سیکریٹری فیصل کریم کنڈی نے اعلان کیا ہے کہ پشاور میں جلسہ ہر صورت میں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ حکومتی دباؤ میں آکر پی ٹی آئی کی بی ٹیم کا کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام اور جیالے تیاری کرلیں، 22 نومبر کو دمادم مست قلندر ہوگا،۔ انہوں نے کہا پشاور میں تاریخی پاور شو کرکے اپوزیشن پی ٹی آئی کی گرتی ہوئی دیوار کو ایک دھکا اور دے گی۔