پشاور(این این آئی) پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے پی ڈی ایم کو کورونا کی موجودہ تشویشناک صورت حال میں جلسے کی اجازت دینے سے معذرت کرلی ہے ، پی ڈی ایم کے میڈیا کوآرڈینیٹر کے مطابق 22 نومبر کو پی ڈی ایم کا جلسہ ہر صورت ہو گا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور محمد
علی اصغر نے پی ڈی ایم کے صوبائی رہنماؤں کو خط لکھا ہے جس میں کورونا کی موجودہ صورت حال میں جلسے کی اجازت دینے سے معذرت کی گئی ہے۔ خط کے مطابق شہر میں کورونا کی صورتحال تشویش ناک ہے اور کورونا کیسز کی شرح 13 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔دوسری جانب میڈیا کوآرڈینیٹر پی ڈی ایم عبدالجلیل جان نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پابندی کسی صورت برداشت نہیں، 22 نومبر کو پی ڈی ایم کا جلسہ ہر صورت ہو گا۔ پاکستان پیپلزپارٹی نے پشاور کی ضلعی انتظامیہ کے پی ڈی ایم جلسے کی اجازت نہ دینے کے فیصلے کو مسترد کردیا۔پی پی پی خیبرپختونخوا کے جنرل سیکریٹری فیصل کریم کنڈی نے اعلان کیا کہ پشاور میں جلسہ ہر صورت میں ہوگا، ضلعی انتظامیہ حکومتی دباؤ میں آکر پی ٹی آئی کی بی ٹیم کا کردار ادا کررہی ہے۔فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ خیبر پختونخوا کے عوام اور جیالے تیاری کرلیں، 22 نومبر کو دمادم مست قلندر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں تاریخی پاور شو کرکے اپوزیشن پی ٹی آئی کی گرتی ہوئی دیوار کو ایک دھکا اور دے گی۔