لاہور( آن لائن) لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہدوحید نے جہانگیر ترین کی شوگر ملز کو آڈٹ کیلئے منتخب کرنے کیخلاف درخواست کی سماعت سننے سے معذرت کرلی جبکہ چیف جسٹس سے کیس کو دوسری عدالت بھجوانے کی سفارش کر دی۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے
جہانگیر ترین کی شوگر ملز کے حوالے سے درخواست پر سماعت کی، جس میں ملز کو آڈٹ کیلئے سلیکٹ کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا۔جسٹس شاہد وحید نے معاملہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بجھوا دیا اور سفارش کی کہ اس درخواست کو جسٹس جواد حسن کے روبرو سماعت کیلئے پیش کیا جائے کیونکہ وہ پہلے ہی اس نوعیت کے کیسز کی سماعت کر رہے ہیں۔درخواست میں بتایا گیا کہ شوگر انکوائری کمیشن رپورٹ کی روشنی میں شوگر ملز کے گزشتہ 5 سالوں کا آڈٹ شروع کر دیاگیا ہے ، قانون کے مطابق ان لینڈ ریونیو کو شوگر ملز کے گزشتہ برسوں کا آڈٹ کرنے کا اختیار نہیں ہے۔درخواست میں کہا گیا کہ جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز کے گزشتہ برسوں کے آڈٹ کے نوٹس کیخلاف کمشر ان لینڈ ریونیو کے پاس اعتراضات داخل کئے لیکن کمشنر ان لینڈ ریونیو نے موقف سنے بغیر اعتراضات مسترد کر دیئے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ شوگر انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ہونے والی کارروائی کو غیر آئینی اور کالعدم قرار دیا جائے۔