اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ مجھے اندازہ نہیں تھا بلاول بھٹو مجھ سے اتنے زیادہ خوفزدہ ہیں، پارلیمنٹ میں جیسی ہی گفتگو شروع کرتا ہوں بلاول چلے جاتے ہیں۔ایک انٹرویومیں وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ گلگت بلتستان میں الیکشن سے قبل ہی اپوزیشن جماعتوں کی منافقت کھل کر سامنے آگئی تھی، ان کا پی ڈی ایم میں کچھ اور انتخابی مہم میں
کچھ اوربیانیہ تھا، جی بی کے عوام نے ایسیبیانییکو بھرپور طورپر مسترد کیا ہے۔مرادسعید نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب جی بی میں کئے گئے پہلے ہی جلسے میں عوام کی جانب سے عمران خان سے محبت دیکھ لی تھی، جی بی عوام کہتے ہیں کہ پہلی مرتبہ ایسا لیڈر ملا جس پر کرپشن کا الزام نہیں ہے، گلگت بلتستان کے عوام نے ہمیں عزت دی ہے ہمیں جتوایاہے، خیبرپختونخوا کی طرح گلگت بلتستان کے آئینی حقوق پورے کرینگے۔وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ گلگت بلتستان میں کامیابی کا یقین تھا، دو تہائی اکثریت کا ہمیں اندازہ تھا، عوام نے ہمیں کامیاب کرایا ہے، وزیراعلیٰ جی بی سے متعلق ہم نے ہوم ورک کیاہوا ہے، وزیراعظم کی ہدایات ہیں ان پربھی عمل کرنا ہوگا۔گلگت میں دھاندلی کے الزامات سے متعلق وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ لوگ ریجکٹڈ ہیں، کل سب شفاف الیکشن کا کہہ رہے تھے، کسی بھی میڈیا ہاؤس پر دھاندلی کی کوئی شکایت ملی ہے؟، ایک ہفتہ پہلے کی تقریر دیکھیں یہ کس قسم کے دعوے کررہے تھے۔گلگت بلتستان میں اپوزیشن جماعتوں کی شکست پر مراد سعید نے کہا کہ جی بی کی عوام کے لیے دونوں جماعتوں نے گزشتہ ادوار میں کچھ نہیں کیا، تیس سال دونوں جماعتوں کی حکومت رہی عوام کیلئے انہوں نے کیا کیا؟ بلاول بھٹو پرچی پڑھنے کے بجائے عوام میں جائیں اور حقیقت دیکھیں، بلاول احتجاج جاری رکھیں میں بھی وہاں جشن منانے آرہاہوں۔مرادسعید کا کہنا تھا کہ انشااللہ آئندہ سال آزاد کشمیر میں بھی عوامی حکومت قائم ہوگی،دوہزار تئیس میں سندھ میں بھی عوامی حکومت قائم ہوگی، 2023میں ہی سندھ میں ان لوگوں کے اقتدار کا خاتمہ ہوگا۔