مظفرآباد(آن لائن) بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے سبب آزاد کشمیر میں20نومبر سے 15 دن کے لیے مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔یہ فیصلہ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی زیر صدارت منگل کو کابینہ اجلاس میں کیا گیا ۔متعلقہ حکام نے کابینہ بریفنگ میں بتایا کہ
آزاد کشمیر میں کورونا کی صورت حال خطرناک حدوں کو چھونے لگی ہے۔ دارلحکومت مظفرآباد میں کورونا کی شرح 19 فیصد تک پہنچ گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جمعہ20نومبر سے آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں بیک وقت لاک ڈاؤن ہو گا، جس کے دوران شادی بیاہ و دیگر تقریبات پر مکمل پابندی ہو گی جبکہ تمام اسکولز بھی مکمل بند ہوں گے۔اجلاس میں یہ بات بھی زیر غورآئی کہ اسکولوں میں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح سب سے زیادہ ہے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مذہبی اجتماعات، نمازِ جنازہ مکمل ایس او پیز کے تحت ہوں گے۔