لاہور( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ لاک ڈائون اورکرونا شور شرابا سارا ڈرامہ ہے اوریہ سب کچھ پی ڈی ایم جلسوں کو روکنے کیلئے ہے ،سیاسی رہنمائوں اور کارکنوں کی پکڑ دھکڑ سے کچھ نہیں ہوگا،مریم نوازنے کہا ہے
پی ڈی ایم سطح پر مذاکرات ہوئے تو (ن)لیگ ان فیصلوں پر عمل درآمد کریگی ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نااہل ٹولے نے ملک کو دلدل میں دھکیل دیدیاہے ،اگر ہم بھی اقتدارمیں ہوئے تو مسائل اتنی جلدی حل نہیں کر سکیں گے ،تمام جماعتیں اتحاد بنائیں تاکہ ملک مسائل سے باہر نکل سکے ۔ انہوں نے کہاکہ جو بھی فیصلہ ہوگا اسے اجتماعی حیثیت میں تسلیم کریں گے ۔13دسمبر کے بعد لاہور سے راولپنڈی اور پشاور سے ملتان یا لاہور سے دیگر شہروں میں ریلیوں کا پروگرام بنے گا یا پھر فیصلہ کن دھرنا ہوگا ،لموسم کے مطابق پی ڈی ایم فیصلہ کرے گی کہ کیا کرناہے ۔ انہوںنے کہا کہ مریم نواز کے جلسوں میں کوئی بوڑھا یا بچہ نہیں رہا جس نے (ن) لیگ کا بیانیہ نہ سناہو ،گلگت بلتستان میں الیکشن نتائج پاپولر سپورٹ ہے ،اس کے علاوہ بھی کچھ چیزیں کردار ادا کرتی رہیں ،نوازشریف کا بیانیہ گھر گھر پہنچ چکا ہوا ہے ،ملک کو آئین کے مطابق چلایاجائے ،اب اگر ملک آئین کے مطابق نہیں چلے گا پھر کچھ نہیں چلے گا۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے ساتھ غیر انسانی سلوک اختیار کیا جارہا ہے اوراس کی کوئی مثال نہیں ملتی ۔آئی جی جیل خانہ جات کو وزیراعظم ہائوس میں بلا کر ہدایت دی جاتی ہیں اوریہ رویہ انتہائی قابل افسوس اور قابل مذمت ہے ،شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں، وہ تکالیف پر اظہار نہیں کر رہے ۔ انہوںنے کہا کہ جو کسی کو لائے وہی اس حکومت کو واپس لیکر جائیں ،حکومت گھبراہٹ میں کرونا کا ڈرامہ رچا رہی ہے،یہ پی ڈی ایم کے جلسوں کو روکنے کی سازش ہے ،ابھی تو پر امن جلسے ہو رہے ہیں حکومت سے وہ برداشت نہیں ہو رہا ،لوگ موجودہ حکومت سے تنگ ہیں ،مہنگائی نے کمر توڑ دی ہے ۔