اسلام آباد(آن لائن )پاکستان پیپلز پار نے گلگت بلتستان انتخابات میں حصہ لینے والے پاکستان کی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کو نا اہل قرار دینے کا مطالبہ کردیا۔پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری نے کہا کہ انتخابات کے دوران ترقیاتی منصوبوں کا اعلان دھاندلی کا واضح ثبوت ہے۔نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ وزرا کی گلگت بلتستان میں موجودگی انتخابی عمل پر
اثرانداز ہونے کے مترادف ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جن علاقوں میں منصوبوں کا اعلان کیا گیا ہے ان حلقوں کے حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے امیدواران کو نااہل قرار دیا جائے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ انتخابی عمل پر اثرانداز ہونے کی کوششیں دھاندلی کے خدشات کو درست ثابت کر رہی ہے۔ دریں اثناء چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے الزام عائد کیا کہ گلگت بلتستان الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی شکایت اور نشاندہی پر کوئی کارروائی نہیں کررہا۔ترجمان بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں وفاقی حکومت کی قوانین کی خلاف ورزیوں پر الیکشن کمیشن کی خاموشی افسوسناک ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ وفاقی وزرا اور معاونین ووٹ خریدنے کے لیے بولیاں لگاتے رہے اور الیکشن کمیشن آنکھیں بند کر کے بیٹھا رہا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزرا اور معاونین، الیکشن کمیشن تو درکنار سپریم ایپلیٹ کورٹ کے احکامات کی بھی دھجیاں بکھیرتے رہے۔سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ بہت سی پولنگ اسٹیشنوں پر تاخیری حربے استعمال کر کے ووٹروں کی حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جن حلقوں میں کانٹے دار مقابلہ ہے وہاں پولنگ کا عمل سست روی کا شکار کیا گیا ہے۔ترجمان چیئرمین پیپلز پارٹی نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن پولنگ اور گنتی کے عمل کو شفاف بنا کر خود کو متنازع ہونے سے بچائے۔