کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان کے علاقے اورماڑہ میں او جی ڈی سی ایل کے قافلے پر مسلح افراد کے حملے میں 14سیکورٹی اہلکارشہید جبکہ 2افرادزخمی ہوگئے۔ سیکورٹی فورسز کے ذرائع کے مطابق کراچی سے اورماڑہ جانے والے او جی ڈی سی ایل کے قافلے پر مکران کوسٹل ہائی وے پربذی ٹاپ کے مقام پر گھات لگائے مسلح افراد نے اندھادھند فائرنگ اورراکٹوں سے حملہ کردیا جس
کے نتیجے میں قافلے کی سیکورٹی پر معموردو گاڑیاں حملے کی زد میں آنے کے نتیجے میں سیکورٹی فورسز کے 14اہلکار شہید جبکہ 2افراد زخمی ہوگئے اورسیکورٹی فورسز کی گاڑیاں جل کر خاکستر ہوگئیں۔ واقعہ کے بعد سیکورٹی فورسز نے نعشوں اورزخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال پہنچادیا اور پورے علاقے کوگھیرے میں لیکر نامعلوم مسلح افراد کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور مکران کوسٹل ہائی وے پر او جی ڈی سی ایل قافلے پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی کی دعا کی ہے ۔اپنے ٹویٹ میں وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور مکران کوسٹل ہائی وے پر او جی ڈی سی ایل قافلے پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی اور دفاع وطن پر جاں نثار کرنے والے شہدا ہمارا فخر وغرور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچے کھچے دہشت گرد بھی اپنے انجام کو پہنچیں گے،اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند فرمائے۔ بلوچستان کے علاقے اورماڑہ میں او جی ڈی سی ایل کے قافلے پر مسلح افراد کے حملے میں 14سیکورٹی اہلکارشہید جبکہ 2افرادزخمی ہوگئے۔ اورسیکورٹی فورسز کی گاڑیاں جل کر خاکستر ہو گئیں۔