اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم عمران خان کا پشاور موڑ پر قائم پناہ گاہ کا دورہ،سہولتوں کا جائزہ لیا اور پناہ گاہ میں موجود غریب افراد کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا،وزیراعظم نے پناہ گاہوں میں بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔ تفصیلات کے
مطابق وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز پشاور موڑ پر قائم پناہ گاہ کا دورہ کیا،انہوں نے پناہ گاہ میں موجود سہولیات کا جائزہ لیا اور پناہ گاہ میں موجود افراد سے بات چیت کی۔وزیراعظم عمران خان نے پناہ گاہ میں موجود افراد کے ساتھ کھانا کھایا۔انہوں نے ہدایت کی کہ کھانے اور رہائش کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔احساس پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر،ایم ڈی بیت المال عون عباس اور سینیٹر فیصل جاوید بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔وزیراعظم کو پناہ گاہ میں موجود سہولتوں کے متعلق بریفنگ دی گئی،جس میں بتایا گیا کہ ایک مسافر پر کھانے اور رہائش کا یومیہ61روپے خرچ آتا ہے جبکہ جلد ہی پناہ گاہوں کی تعداد 31تک پہنچ جائے گی۔وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ 61روپے کے خرچ کا بھی آڈٹ کیا جائے تاکہ مخیر حضرات کی جانب سے دی گئی رقم کے درست خرچ کا اطمینان ہوسکے۔