لاہور (پ ر )وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت پہلی حقیقی کسان دوست حکومت ہے ۔پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ گنے کے کاشتکاروں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ دیا گیا۔ 2سال میں شوگر ملوں سے کاشتکاروں کو 99فیصد واجبات کی ادائیگی یقینی بنائی ہے ۔ کاشتکاروں کی خوشحالی او رزراعت کے فروغ کے لئے گندم اور گنے کے امدادی نرخ میں
خاطر خواہ اضافہ کیاجا رہا ہے۔ 90 شاہراہ قائد اعظم پرمحکمہ زراعت کے زیر اہتمام کاشتکاروں کو زرعی مشینری کی الاٹمنٹ کے سرٹیفکیٹ اور ای کریڈٹ سکیم کے تحت چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت پنجاب نے کاشتکار بھائیوں کی سہولت کے لئے ای کریڈٹ سکیم کے قرضوں کی حد بڑھا دی ہے۔کاشتکار کواب بیج،کھاد اور دیگر زرعی مداخل کے حصول میں دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ربیع کی فصل کے لئے ای کریڈٹ سکیم کے قرضوں میں 5ہزار او رخریف کے لئے 10ہزار روپے اضافہ کیا گیاہے ۔ 2سال میں کاشتکاروں کو 35ارب روپے کے بلاسود قرضے فراہم کئے جا چکے ہیں ۔وزیراعظم زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت 300ارب روپے کاشتکاروں کی خوشحالی او رزرعی ترقی پر صرف کئے جا رہے ہیں ۔ فی ایکڑ پیداوار میں اضافے اور آبپاشی کی سہولتوں میں بہتری لائی جا رہی ہے۔کاشتکاروں کیلئے جدید طریقہ زراعت سے ہم آہنگ کرنے کے لئے زرعی مشینری کا استعمال بے حدضروری ہے۔ حکومت پنجاب سبسڈی فراہم کر کے کاشتکارو ں کو جدید مشینری خریدنے کی ترغیب دیتی ہے۔پنجاب میں کاشتکاروں کو 46 کروڑ روپے کی جدید ترین مشینری امدادی نرخ پر فراہم کی جا چکی ہے۔ 2سال میں 78ہزار ایکڑ بنجر اراضی کو قابل استعمال بنانے سے کاشتکار کی آمدن میں اڑھائی ارب روپے اضافہ ہوا۔محکمہ زراعت مختلف فصلوں کی 80نئی اقسام کی منظوری دے چکا ہے۔
پنجاب میں زرعی تحقیق کیلئے 6ارب روپے مختص کئے گئے ۔ حکومت پنجاب کے کسان دوست اقدامات کی وجہ سے اس سال گندم، چنے اور کینولاکی اضافی پیداوار حاصل ہوئی۔ کاشتکار بھائیوں کے مسائل کے حل کے وعدوں کو ایفا کرنے کے لئے اسی جوش و جذبے کی ضرورت ہے ۔صوبائی وزیرزراعت اور ان کی ٹیم پنجاب کو غذائی خودکفالت کی راہ پر گامزن کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
وزیر اعلی عثمان بزدار نے اپنے خطاب میں لاہور سیالکوٹ موٹر وے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم کی گرفتاری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل وکرم اور پنجاب پولیس کی دن رات محنت کے باعث زیادتی کیس کے مرکزی ملزم کو گزشتہ رات گرفتار کر لیا گیا ہے جس پر میں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں ۔ یہ ایک ہائی پروفائل کیس تھا
اور اس کا مرکزی ملزم اب پولیس کی حراست میں ہے ۔ پنجاب پولیس نے گزشتہ 2 برس کے دوران تمام ہائی پروفائل کیسوں کا سراغ لگایا ہے اور ملزمان کو گرفتار کیا ہے ۔ اس کیس کے ملزم کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے زیادتی کیس پر کام کرنے والی انویسٹی گیشن ٹیم کے لئے 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔
صوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں زراعت کا فروغ ملک کی معاشی ترقی کا ضامن ہے ۔جدید زرعی مشینری کے استعمال سے فی ایکڑ پیداوار بڑھے اور لاگت میں کمی آئے گی۔سیکرٹری زراعت نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدارنے کاشتکاروں میں جدید زرعی مشینری و آلات کی فراہمی کیلئے الاٹمنٹ سرٹیفکیٹ اور
ای کریڈٹ سکیم کے تحت قرضوں کے چیک تقسیم کئے۔قبل ازیں وزیراعلی عثمان بزدار نے 90 شاہراہ قائد اعظم پر جدید زرعی مشینری کی نمائش دیکھی اور دھان کی فصل کاشت کرنے کے لئے مخصوص رائیڈنگ رائس ٹرانسپلانٹرکا مشاہدہ کیا۔دھان کی فصل کو زمین میں شامل کرنے والے رائس سٹرا شریڈر، ہیپی سیڈر اور ڈرل کا معائنہ کیا۔رائس سٹرا شریڈراور ہیپی سیڈرکے ذریعے دھان کی باقیات کو
جلانے کی بجائے زمین میں مکس کر دیا جاتا ہے ۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے ویٹ بیڈ پلانٹر، شوگر کین پلانٹر کا معائنہ کیا۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے آبپاشی کے جدید ترین سپرنکلر، رین گن سپرنکلر، ڈرپ سپرنکلرسولر سسٹم کا بھی مشاہدہ کیا اورجدید زرعی مشینری و آلات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر زراعت حسین جہانیاں گردیزی، مشیر زراعت عبدالحئی دستی، پارلیمانی سیکرٹری زراعت محمد طاہر رندھاوا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری زراعت، سیکرٹری زراعت، کاشتکاروں او ر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔