لاہور (آن لائن) پنجاب حکومت نے لاہور سمیت صوبے بھر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں مزید پانچ ماہ کی توسیع کا فیصلہ کرلیا ہے۔ جس کے لئے پنجاب حکومت نے بلدیاتی ایکٹ 2019ء میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ترمیم کو منظوری کے لئے
پنجاب کی صوبائی کابینہ کو بھیجا جائے گا۔ کابینہ سے منظوری کے بعد بلدیاتی انتخابات جولائی 2021ء تک ملتوی کردئیے جائیں گے جبکہ دوسری طرف سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں مزید 5 ماہ کی تاخیر کسی سیاسی دبائو یا موجودہ حکومت کے خلاف عوامی غم و غصے کی وجہ سے کرنا چاہتی ہے کیونکہ پنجاب حکومت کو اپنی کارکردگی کی وجہ سے اپنے سیاسی ساکھ کا پوری طرح علم ہے۔ واضح رہے کہ پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں پہلے ہی 11ماہ کی توسیع حاصل کرچکی ہے۔