اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )لاہور موٹرو ے کیس کے مرکزی ملزم عابد علی ملہی کو گرفتار کرلیا گیا ، اس حوالے سے وزیراعظم کے مشیر خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ عابد ملہی کو گرفتار کر لیا گیا ہے، انشاء اللہ قانون کے مطابق
سزا ملے گی۔نجی ٹی وی کے مطابق شہباز گل کا کہنا تھا کہ پولیس تمام معلومات شیئر کرے گی، ملزم کو فیصل آباد سے گرفتار کیا گیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کیس کو خود مانیٹر کر رہے تھے، آئی جی ، سی سی پی او لاہور، پولیس دن رات کام کر رہے تھی۔ ملزم کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔قبل ازیںلاہور کے نواحی علاقے گجر پورے میں موٹروے کیس کے مرکزی ملزم عابدملہی کو فیصل آباد سے گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ستمبر کے دوسرے ہفتے کے دوران لاہور کےنواحی علاقے گجر پورہ میں سیالکوٹ موٹروے کے قریب خاتون کی آبرو رویزی کی گئی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتاری کے بعد فیصل آباد سے لاہور منتقل کیا جارہا ہے۔ملزم عابد کو گرفتار کرکے لاہور منتقل کیا جارہا ہے اور اس کا دوبارہ ڈی این اے کیا جائے گا۔اس سے قبل 4 مرتبہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عابد کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا تاہم آج اسے پکڑ لیا گیا۔