لاہور(آئی این پی)حکومت پنجاب نے سموگ کو آفت قرار دیکر سموگ مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا جبکہ سموگ پر قابو پانے کیلئے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو 200کے بجائے 2ہزار روپے جرمانہ کیا جائیگا۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے دفتر میں قائم کیے گئے سموگ مانیٹرنگ سیل میں سپارکو کی مدد سے سیٹلائٹ امیج کے ذریعے فصلوں کی باقیات جلانے والوں کی نشاندہی کی جائیگی اور ذمہ داروں کیخلاف متعلقہ ڈپٹی کمشنر سخت کارروائی کریں گے۔ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے فضائی آلودگی کا سبب بننے والے کارخانوں کے مالکا ن کیخلاف مقدمہ درج ہوگا جبکہ دھوں چھوڑنے والی گاڑیوں کے مالکان کو 200روپے کے بجائے 2000روپے جرمانہ کیا جائیگا۔ حکام نے کہا کہ صاف ہوا کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے پنجاب میں اینٹوں کے بھٹے نومبر کے پہلے ہفتے بند کر دیئے جائیں گے،سموگ پیدا کرنے کے ذمہ دار افراد کیخلاف نہ صرف مقدمات درج ہوں گے بلکہ انہیں گرفتار کرکے سخت سزائیں بھی دی جائیں گی۔