لاہور( آن لائن )مسلم لیگ ن کے سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ماسک پہنیں گے، جلسوں سے کورونا نہیں پھیلنے دیں گے، عمران خان کی حکومت ایسی بیماری ہے جو ماسک پہن کر بھی ختم نہیں ہوگی، کہا جا رہا ہے کہ جلسوں سے کورونا پھیلے گا، کورونا کے پیچھے چھپنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ گوجرانوالہ میں جلسہ گاہ کا فیصلہ انتظامیہ نہیں بلکہ
مسلم لیگ ن کے کارکن کریں گے۔جلسہ 16 تاریخ کو ہوگا اور اسی جگہ ہوگا جہاں ن لیگ کے کارکن چاہیں گے۔ پرویز رشید نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ اپوزیشن کے جلسوں میں کورونا پھیلے گا۔ کورونا کے پیچھے چھپنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ کورونا ختم کر ماسک پہن کر سکتے ہیں۔ لیکن عمران خان کی حکومت ایسی بیماری ہے جو ماسک پہن کر بھی ختم نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ حکومتی وزرا جیل میں ڈالنے کی دھمکی کس کو دے رہے ہیں۔جو جیلیں بھی کاٹ چکے ان کارکنوں کو دھمکی دے رہے ہیں؟ واضح رہے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ میں تمام سیاسی جماعتوں کو مشورہ دیا ہے کہ اللہ نے بڑی مہربانی کی ہے کہ پاکستان میں کورونا زیادہ نہیں پھیلا، اب ہمیں بے وقوفی نہیں کرنی چاہیے، یہ نا ہوں کہ جیسے لندن اور امریکا میں واپس آیا ہے ۔بہتر یہ ہوگا کہ ہم بچ جائیں۔میں سیاسی جماعتوں سے اپیل کرتا ہوں کہ 3 مہینے کیلئے سیاسی سرگرمیاں معطل کردیں، اور فروری میں دوبارہ شروع کردیں۔جن ممالک میں سردی ہوئی ہے وہاں کورونا بڑی شدت سے واپس آیا ہے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کورونا کے معاملے پر صوبوں کے تعاون سے کام کر رہے ہیں، این سی او سی میں کورونا کے معاملے پر این سی سی کی میٹنگ بلا کر ضابطہ اخلاق طے کرنے کا فیصلہ ہوا ہے،
کورونا میں ہر چیز کیلئے ضابطہ اخلاق پہلے بنایا گیا ہے، ہمارے سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کے جلسے نہ کئے جائیں، بڑے اجتماعات سے متعلق ایس اوپیزطے ہونے چاہئیں، قومی رابطہ کمیٹی میں بڑے اجتماعات کا معاملہ زیرغور آئے
گا۔اسدعمر نے کہا کہ عمران خان اتنے افراد جمع کرلیتے تھے کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی کسی نے اتنا بڑا مجمع نہیں دیکھا اور ان کو اس وقت کے حکمران بھی روک نہیں سکتے تھے، لیکن ہماری پالیسی قانون کی پاسداری تھی اور ہے۔