لاہور(این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما فیصل نیازی نے استعفی دے دیا۔ مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقاتیں کرنے والے اراکین اسمبلی کا گھیراؤ کر لیا،اسمبلی احاطے میں جلیل شرقپوری پر لوٹا پھینک دیا گیا، لیگی اراکین گھیراؤ کر کے لوٹے ٹھاہ اور استعفے دو کے نعرے لگاتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقاتیں کرنے پر پارٹی سے
نکالے جانے والے اراکین اسمبلی جلیل احمد شرقپوری، مولانا غیاث الدین اور فیصل نیازی پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے آئے تاہم انہیں مسلم لیگ (ن) کے اراکین کی جانب سے شدید رد عمل کا سامنا کرنا پڑا۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں ہی لیگی رکن اسمبلی میاں رؤف نے جلیل احمد شرقپور ی پر لوٹا پھینک دیا اور لوٹے ٹھاہ اور استعفیٰ دو کے نعرے لگانے شروع کر دئیے۔ اس موقع پر جلیل احمد شرقپوری اور میاں رؤف کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔ جلیل شرقپوری نے کہا کہ استعفیٰ دوں گا لیکن آپ کے کہنے پر نہیں۔ مسلم لیگ (ن) والے خود چل کر میرے پاس آئے اور انتخاب لڑنے کی پیشکش کی۔ اس موقع پر میاں مرغوب، خواجہ عمران نذیر، باؤ اختر علی، مرزا جاوید سمیت دیگر بھی وہاں پہنچ گئے اورجلیل شرقپوری کا گھیراؤ کر کے نعرے لگاتے رہے۔ پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ نے جلیل شرقپوری کو وہاں سے نکال کر اسمبلی کی سکیورٹی کے روم میں پہنچایا۔ لیگی اراکین نے چیمبر میں آنے والے مولانا غیاث الدین کا بھی گھیراؤ کر لیا۔ لیگی اراکین نے کہا کہ آپ کا یہاں کوئی کام نہیں، آپ استعفیٰ دیں اور بلے کے نشان پر انتخاب لڑیں، اگر آپ جیت کر آئے تو ہم خود آپ کو ہار پہنائیں گے۔ اس موقع پر پارٹی کے سینئر رہنما رانا محمد اقبال بیچ بچاؤ کراتے رہے اور مولانا غیا ث الدین کو وہاں سے باہر لے آئے۔ لیگی اراکین لابی میں بیٹھے ہوئے فیصل نیازی کے پاس بھی پہنچ گئے
اور ان سے وہاں سے جانے کے لئے کہا۔ اس موقع پر لیگی اراکین اسمبلی نے انہیں نشست سے مستعفی ہو کر دوبارہ انتخاب لڑنے کا چیلنج دیا۔ اس موقع پر فیصل نیازی کی لیگی اراکین اسمبلی سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔ مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ فیصل نیازی نے استعفیٰ دیدیا ہے۔