اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اپوزیشن رہنماؤں کی مشترکہ نیوز کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے مولانا فضل الرحمان سے سوال کیا کہ ماضی میں آپ عورت کی حکمرانی کو ناجائز قرار دیتے رہے ہیں اب اگر مریم نواز وزیراعظم بنتی ہیں
تو ایسے میں کیا انہیں ملک کی حکمران تسلیم کر لیں گے؟ صحافی کا جواب دینے کے بجائے انہوں نے کہاکہ آپ کو یہ سوال پیچھے سے فیڈ کیا گیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے بعد میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہر اتحاد اور ہر تحریک کا ایک بنیادی پوائنٹ ہوتا ہے۔ ہمارا بنیادی ایجنڈا قوم کو ووٹ کا حق دلانا ہے، ہمارا ووٹر مرد بھی ہے اور خاتون بھی ہے لٰہذا مرد ہو یا عورت اس کی امانت واپس لوٹانا، اس میں میرا بھی کردار ہوگا اور مریم بی بی کا بھی کردار ہوگا۔ یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے جب بے نظیر بھٹو وزارتِ عظمیٰ کی امیدوار تھیں اس موقع پر فتویٰ جاری کیا تھا کہ اسلام میں عورت کی حکمرانی ناجائز ہے لیکن جب بے نظیر بھٹو وزیراعظم بن گئیں تو مولانا فضل الرحمان پی پی حکومت کا حصہ بن گئے۔