اسلام آباد(این این آئی)معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے شاہد خاقاں عباسی کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن رہنما کرپٹ احتساب سے بچنے کیلئے روز نئے بیان گھڑتے ہیں،احتساب سے بچنے کے انکے ہتھکنڈے بہت پرانے ہیں۔
اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ متحدہ اپوزیشن کرپٹ احتساب سے بچنے کیلئے روز نئے بیان گھڑتے ہیں، کبھی اپنے ادوار کی نااہلیوں کا ذمہ دار حکومت کو ٹھہراتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کبھی بیماری کا بہانا بنا کر فرار ہو جاتے ہیں، اندرونِ خانہ این آر او کی بھرپور کوشش کرتے ہیں، ناکامی کی صورت میں اداروں پر بگڑ جاتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عوام جب اوقات یاد دلائیں تو اپنے ہی بیانات سے مکرجاتے ہیں، اس سب کے بعد بھی ڈھٹائی سے خود کو جعلی انقلابی کہلواتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ آئین اور جمہوریت کو اپنے مفاد کیلئے استعمال کرتے ہیں، جب قوانین انکے بغیر پاس ہو جائیں تو جمہوریت کی جعلی چمپئن بن جاتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اپنی کرپشن بچانے کیلئے بنائی تحریک کوعوامی تحریک کہتے ہیں، پھر اسی عوامی تحریک میں عہدوں کیلئے لڑے جاتے ہیں، انہوںنے کہاکہ کرپشن کا سوال پوچھا جائے تو جعلی درباری آقاؤں کے دفاع میں نکل آتے ہیں