اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )ایف آئی اے کے سابق سربراہ بشیر میمن نے مطیع اللہ جان کو دیئے گئے ایک انٹرو یومیں کہا ہے کہ احمد نورانی نے وزیر داخلہ اعجاز شاہ سے متعلق ٹویٹ کیے۔ جس کے بعد مجھے وزیر داخلہ نے اپنے دفتر بلایا اور وہ پیغامات دکھائے اور کہا یہ
سب میرے خلاف لکھے گئے ہیں ۔ میٹنگ میں ہمارے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل بشارت شہزاد اورچیئر مین نادراعثمان امین بھی موجود تھے۔ ٹویٹ غور سے دیکھا تو میںنے وزیر داخلہ سے کہا کہ آپ کو خود جا کر مجسٹریٹ کو احمد نورانی کیخلاف درخواست دیناپڑے گی، جس کے بعد مجسٹریٹ احمد نورانی کو سمن جاری کرتے اور دونوں فریقین کو حاضری دینا پڑتی ۔مجسٹریٹ اگر حکم دیتا تو گرفتار کیا جاتا ۔ اس پر وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا میں عدالت بھی جائوں گا یہ کیا بات ہوئی ؟ ٹانگیں تو ڑ دو ، جبکہ میں انہیں کہا کہ ہمیں قانون کے مطابق عدالت ہی جانا ہو گا ۔