کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک ) اپوزیشن جماعتوں میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی سربراہی باری باری مختلف جماعتوں کو دینے (روٹیشن) کے معاملے پر اختلافات شدت اختیار کرگئے۔نجی ٹی وی جیو کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ اپوزیشن اتحاد
پی ڈی ایم حکومت مخالف تحریک شروع ہونے سے پہلے ہی اختلافات کا شکار ہو گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کی سربراہی سے متعلق قرار داد پر عمل درآمد کے معاملے پر پیپلز پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)، قومی وطن پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل اور نیشنل پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی5 جماعتوں نے پی ڈی ایم کی سربراہی مختلف جماعتوں کو روٹیشن پردینے پر اتفاق کیا ہے جب کہ پی ڈی ایم کی سربراہی روٹیشن پر نہ دینے پر اے این پی کی بڑی شخصیت نے اتحاد سے نکلنے کاعندیہ بھی دیا ہے۔