لاہور(این این آئی) پاکستان ریلوے کا مالی خسارہ مزید بڑھ گیا، ریلوے مالی سال 21-2020 کے پہلے اڑھائی ماہ میں آمدنی کا ہدف پورا کرنے میں ناکام ہوگیا، پہلے اڑھائی ماہ میں حکومتی ہدف سے 7ارب 61کروڑ روپے کم آمدنی ہوئی ۔ذرائع
کے مطابق آمدنی کا ہدف 15 ارب 68 کروڑ روپے مقرر کیا گیا تھا، جبکہ ریلوے اعدادوشمار کے مطابق محکمہ ریلوے صرف 8 ارب 6 کروڑ 41 لاکھ روپے ہی کما سکا، ریلوے آمدنی حکومتی ہدف سے 48 فیصد کم ریکارڈ کی گئی۔ ذرائع کے مطابق ریلوے کیلئے روزانہ آمدنی کا ہدف 196 ملین روپے رکھا گیا تھاجبکہ ریلوے آمدنی 100 ملین روپے روزانہ ریکارڈ کی گئی۔مسافر، گڈز، متفرق کوچز اور سنڈری سمیت تمام مدات میں کم آمدنی ہوئی، مسافروں کی مد میں ریلوے کو 5 ارب 40 کروڑ 46 لاکھ روپے کم آمدنی ہوئی، گڈز سیکٹر میں ریلوے کو ہدف سے 1 ارب 65 کروڑ 81 لاکھ روپے کم آمدنی ہوئی جبکہ متفرق کوچز کی مد میں 33 کروڑ 59 لاکھ روپے کم آمدنی ہوئی۔