اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات انکوائری میں نیا انکشاف سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گجرانوالہ کے ایک کباڑی کے نام پر شہباز شریف اور اہلخانہ کے بنک اکاؤنٹس میں ترسیلات سامنے آئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق کباڑی اظہر حسین مغل کے
نام پر شہباز شریف کے اہل خانہ کے اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے منتقل کیے گئے۔ اس انکشاف نے نیب کی تحقیقاتی ٹیم کو بھی چکرا کر رکھ دیا ہے۔لاہورنیوز کے مطابق نیب دستاویزات کے مطابق اظہر حسین کے نام پر سلمان شہباز کے اکاؤنٹس میں 99 ہزار 910 ڈالر جمع کروائے گئے۔ ڈیڑھ کروڑ روپے کی رقم غیر ملکی ترسیلات کی مد میں دبئی سے جمع کروائی گئی۔ کباڑی نے نیب حکام کے روبرو رقم جمع ہونے کے وقت پاکستان میں ہونے کا ثبوت پیش کر دیا ہے۔ اظہر حسین نے نیب کو جعلی شناخت استعمال کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی استدعا کی ہے۔واضح رہے کروڑ پتی کباڑی سے قبل چپڑاسی، مزدور اور پاپڑ فروش کے اکاؤنٹس سے بھی ترسیلات سامنے آئیں تھیں۔