کراچی(این این آئی) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن(پی ایم اے) نے ملک بھر میں کرونا کے بڑھتے کیسز کی وجہ ماسک نہ استعمال کرنے کو قرار دے دیا۔پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیہ میںملک بھرمیں کورونا کیسز میں ہونے والے اضافے پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے
مطالبہ کیا ہے کہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔پی ایم اے نے موقف اختیار کیا ہے کہ پاکستان اس وقت کورونا وائرس کی وبا کی دوسری لہر سے متاثر ہونے کے خطرے سے دوچار ہے۔اس حوالے سے تعلیمی ادارے، اسپتال، شادی ہالز اورمارکیٹس زیادہ حساس سمجھے جاتے ہیں۔پی ایم اے نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں بالعموم اور پرائمری اسکولوں کے بچوں سے ایس او پیز پر عمل درآمد کرانا بالخصوص مشکل کام ہے۔پی ایم اے نے والدین سے کہا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو کورونا وائرس سے بچا ئوکے لیے جاری کردہ احتیاطی تدابیر کے متعلق آگاہی دیں۔ایسوسی ایشن سے وابستہ ڈاکٹرز نے کہاکہ عام مشاہدہ ہے کہ کرونا کیسز میں اضافے کی وجہ ماسک کا استعمال نہ کرنا ہے۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں کرونا کی دوسری لہر شروع ہوگئی ہے، لہٰذا شہری وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے ماسک کا لازمی استعمال کریں۔