اسلام آباد( آن لائن ) ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 8 ہزار 877 ہوگئی جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 625 لوگوں میں کوورنا وائرس کی تشخیص ہوئی اور 15افراد جا ں بحق ہو گئے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے تازہ اعداد وشمارکے مطابق
گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے625 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھرمیں مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 13 ہزار 431 ہوگئی۔این سی او سی کے مطابق فعال کیسز کی تعداد 8 ہزار 877 ہو گئی جب کہ اب تک کورونا وائرس میں مبتلا 2 لاکھ 98 ہزار 055 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔ ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں اہم اجلاس ہوا جس میں بتایا گیا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر 6 شادی ہالز اور 103 ریسٹورینٹس بند کردیے گئے ہیں۔این سی او سی نے شادی ہالز اور ریسٹورینٹس کو کورونا کا پھیلاؤ کا مرکز قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن کیا جائے، شادی ہالز اور ریسٹورینٹس پرخاص نظر رکھی جائے۔