اسلام آباد،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، آن لائن)جنرل (ر) امجد شعیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم بننے کے بعد ملک کے رازوں کا حلف اٹھایا جاتا ہے، نوازشریف کی جانب سے انتہائی غلط حرکت کی گئی ہے، وہ کریڈٹ لینے کے چکر میں رازوں سے پردہ اٹھا رہے ہیں۔
دوسروں کی سرزمین پر راز فاش کیا جارہا ہے۔واضح رہے نواز شریف نےدعویٰ کیا تھا کہ امریکا نے جنگ کے دوران افغانستان پر میزائل داغے تھے جو بلوچستان میں گرے، ہم نے امریکی میزائلوں کو دیکھ کر اپنے میزائل بنالیے۔دریں اثنا صوبائی وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بھی حساس اور قومی راز افشاں کرنے الزام میں ملوث پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے ، جمعرات کے روز اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف سیاسی بغض میں حد سے نکل گئے اور انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حساس اور قومی راز افشاں کئے ان کے اس اقدام پر نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلایا جائے۔ کیونکہ نواز شریف راز افشاں کرنے کے باعث ملک سے غداری کے مرتکب ہوئے ہیں حالانکہ انہوں نے ملکی رازوں کی حفاظت کا حلف اٹھایا تھا۔