لاہور (آن لائن) لاہور سیالکوٹ موٹروے کیس کا مرکزی ملزم عابد ملہی وقوعہ کے 23 روز گزر جانے کے باوجود تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا۔ بتایا گیا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لئے لاہور پولیس کے شعبہ انویسٹی گیشن نے آٹھ مختلف ٹیمیں تشکیل دی رکھیں تھی۔
جو تاحال ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ جبکہ دوسری طرف پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تشکیل دی جانے والی 8 انویسٹی گیشن ٹیموں میں تعینات 4 اعلیٰ پولیس افسران سمیت انویسٹی گیشن ونگ کے 8 افسران نے آئی جی پولیس پنجاب انعام غنی سے زبانی اپنے تبادلوں کی درخواست کر رکھی ہے اور یہ پولیس افسران ان دنوں لاہور سیالکوٹ موٹروے کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کی گرفتاری پر توجہ دینے کی بجائے اپنے تبادلوں میں مصروف ہیں۔ جس کے باعث پولیس افسران کی اس کیس میں دلچسپی نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس افسران کے تبادلوں کی خواہش سی سی پی او لاہور عمر شیخ کی تعیناتی کے بعد پیدا ہوئی تھی۔