کوئٹہ( این این آئی)قومی احتساب بیورو نے محکمہ تعمیرات و مواصلات بلوچستان کے ایکسین سعید احمد تنولی کے خلاف کروڑوں روپے کے غیر قانونی اثاثہ جات کیس کی تحقیقات مکمل کر کے ریفرنس احتساب عدالت کوئٹہ میں دائر کر دیاہے۔ایکسین سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ سعید احمد کے خلاف
تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم نے دوران سروس اپنے اور بے نامی داروں کے نام ملک کے مختلف شہروں میں 14کروڑ روپے سے زائد کے ناجائز اثاثے بنائے۔ملزم اور بے نامی داروں کے نام پر بنائے جانے والے غیر قانونی اثاثہ جات میں بنی گالہ اسلام آباد میں ایک بنگلہ، ریلوے ہاوسنگ سوسائٹی کوئٹہ میں ایک گھر، بے اے مال کوئٹہ میں ایک دکان شامل ہے۔بینک اکاونٹس کی چھان بین سے پتہ چلا کہ ملزم اور بچوں کے نام پر بنائے گئے اکاونٹس سے کروڑوں روپے کی مشتبہ ٹرانزیکشن ہوئیں۔ایکسین سعید احمد کے خلاف نا قابل تردید ثبوتوں کی روشنی میں نیب بلوچستان نے احتساب عدالت کوئٹہ میں ریفرنس دائر کر دیا ہے ، واضح رہے گرفتاری سے بچنے کے لئے ملزم نے عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔