اسلام آباد(آن لائن)مسلم لیگ(ن) نے اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا معاملہ عالمی فورم پر اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے،یہ فیصلہ مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز کی ن لیگ کے قائد نوازشریف سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کیا گیا۔مریم نواز کا منگل کے روز اپنے
والد سے تیسرا ٹیلیفونک رابطہ تھا،جس میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی گرفتاری کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس حوالے سے آئندہ کی حکمت عملی مرتب کی گئی،یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ حکومت کی انتقامی کارروائیاں بہت زیادہ بڑھ گئی ہیں اور اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری سے حکومت کے عزائم واضح ہوگئے ہیں،لہٰذا یہ معاملہ عالمی فورم پر اٹھایا جائے گا اور اس کیلئے امریکہ،برطانیہ اور یورپی یونین کو خطوط لکھے جائیں گے۔میاں نوازشریف لندن میں برطانوی اراکین پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کریں گے۔نوازشریف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ حکومت جتنے بھی ہتھکنڈے استعمال کرلے ن لیگ اے پی سی کے فیصلوں پر عملدرآمد کرے گی،گرفتاریاں مسلم لیگ(ن) کو جھکا نہیں سکتیں۔نوازشریف نے یہ بھی کہا کہ اے پی سی میں کئے گئے فیصلوں پر مسلم لیگ(ن) من وعن عمل کریں گے ۔