کراچی(این این آئی) شہر قائد کے علاقے تین تلوار میں پاگل کتے کے کاٹے کا ایک دل خراش واقعہ رونما ہوا ہے، جس میں 5 افراد شدید زخمی ہو گئے، جنہیں طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیاگیاہے۔تفصیلات کے مطابق اتوارکوکراچی کے علاقے تین تلوار
سے دو بچوں اور دیگر تین بڑی عمر کے زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل لایا گیا، معلوم ہوا کہ پانچوں افراد پاگل کتے کے کاٹنے سے زخمی ہوئے ہیں۔اہل علاقہ کے مطابق ایک پاگل کتے نے بچوں پر حملہ کر دیا،وہاں موجود بڑی عمر کے تین افراد بھی کتے کا شکار ہوئے۔زخمی ہونے والوں میں 35 سالہ نواز خان، 60 سالہ چمن لال، 70 سالہ راجیش جے چند، 9 سالہ لڑکا کرن اور 7سالہ ثمر شامل ہیں۔پاگل کتے نے ایک بچے کے گال پر کاٹا،ایک بچے کی ٹانگ اور ہاتھ زخمی ہوئے، بچے کی آنکھ بال بال بچی جبکہ بڑی عمر کے افراد کے ہاتھ اور پائوںپر کتے نے کاٹا۔اجناح اسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا کہ اسپتال کی ایمرجنسی میں پانچ زخمیوں کو لایا گیا،انہیں پاگل کتے نے کاٹا ہے۔ ان زخمیوں کو جناح اسپتال کے ڈوگ بائیٹ یونٹ میں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا کہ تمام زخمیوں کو اینٹی ریبز ویکیسن فراہم کی جا چکی ہے۔واضح رہے کہ کراچی میں آئے روز کتے کے کاٹے کے واقعات رونما ہو رہے ہیں، اب تک متعدد بچے پاگل کتے کے کاٹے کا شکار ہو کر جانوں سے بھی ہاتھ دھو چکے ہیں، اینٹی ریبیز ویکسین کی عدم موجودگی بھی کراچی سمیت سندھ بھر کا ایک بڑا مسئلہ رہا ہے۔