لاہور( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اپوزیشن خصوصی طور پر مسلم لیگ (ن) نے صبر اور برداشت کا مظاہرہ کیا ہے لیکن اس کا جواب بد سلوکی اور نا انصافی سے دیاگیا ،صورتحال کو پوائنٹ آف نو ریٹرن پر نہیں پہنچنا چاہیے ۔
(ن) اور (ش) والی کوئی بات نہیں، اگر گرفتاریوں سے سیاسی رانجھا راضی ہوتا ہے تو ہو جائے ۔ لاہور ہائیکورٹ میںمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اپوزیشن نے اورخاص طورپر میری جماعت نے بہت کوشش کی ہے کہ جو بھی انتخابات میں ہوا تحمل ظاہر کیا جائے اور سیاسی تنائو میںکمی کی کوشش کی ،تیسرا سال آ گیا ہے ہم نے صبر اور برداشت کا مظاہرہ کیا ہے لیکن اس کا جواب بد سلوکی اور نا انصافی سے دیا گیا ہے ۔سیاسی درجہ حرارت کو کم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ انہوںنے مسلم لیگ(ن) میں تقسیم کے حوالے سے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک معاشی مشکلات میں گھرا ہوا ہے اور ہمارے ہمسائیوں سے بھی اچھے تعلقات نہیں ہیں۔ سب کو یہ سوچنا تھاکہ اس کا حل کس طرح نکالا جائے۔صورتحال کو پوائنٹ آف نوریٹرن پر نہیں پہنچنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ نیب کے مقدمات جعلی ،جھوٹ اور فراڈ ہیں۔