لاہور (آن لائن) احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے خلاف غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس کی گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا ۔ عدالت کی جانب سے تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ، پاکستان ہائی کمشن کے ذریعے نواز شریف کے وارنٹ لندن رہائش گاہ بھجوائے گئے،
سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ پر عملدرآمد نہیں ہوسکا، تفتیشی افسر یہ نہیں بتا سکے کہ نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد ہوا یا نہیں ۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ تفتیشی افسر آئندہ سماعت پر وارنٹ گرفتاری کے حوالے سے مکمل رپورٹ پیش کریں ،سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رہیں گے۔