لاہور (این این آئی) قومی احتساب بیورو ( نیب ) لاہور نے کروڑوں روپے کی جائیدادیں اور بینک بیلنس کے حامل پی ڈبلیو ڈی کے سابق انجینئر ملزم محمد رمضان کو گرفتارکرلیا ۔ ملزم محمد رمضان کو مبینہ غیرقانونی طور پر دوران سروس 20 کروڑ سے زائد مالیت کی جائیدادیں بنانے کے
الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزم کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کی شکایات پر نیب لاہور میں گزشتہ سال انکوائری کا آغاز ہوا، دوران انکوائری ملزم اور اہل خانہ کے نام موجود اثاثہ جات کی تفصیلات اکھٹی کی گئی تو حیران کن انکشافات کا سلسلہ شروع ہوا، دوران تحقیقات ملزم کے نام لاہور، جھنگ، ملتان و دیگر اضلاع میں 50 سے زائد پراپرٹیاں اور کاریں ہونیکا انکشاف ہو چکاہے ۔ ملزم دوران سروس بدعنوانی میں ملوث ہونیکی وجہ سے 6 مرتبہ معطل بھی ہوا اگرچہ بعد ازاں بحال ہوتا رہا، ملزم کیخلاف ٹھوس شواہد کے حصول پر سابق سپریٹنڈنگ انجینئر محمد رمضان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ نیب کے مطابق ملزم پر لگائے گئے الزامات کے حوالے سے اسے صفائی اور زرائع آمدن کی فراہمی کا بھرپور موقع فراہم کیا گیا تاہم ملزم مکمل طور پر ناکام رہا۔ ملزم محمد رمضان کو آج جسمانی ریمانڈ کیلئے احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔