لاہور(این این آئی) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ عابد اور شفقت گجرپورہ واقعے کے مرکزی ملزم ہیں، ملزم عابد پر آدھے سے زیادہ کیسز آبرو ریزی کے ہیں۔نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ملزم شفقت کو گرفتار کرلیا گیا ہے، عابد کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا، دونوں ملزمان مل کر واردات کرتے تھے۔انہوں نے بتایا کہ عابد کے پاس 5 سمیں تھیں، 4 اس کے اپنے نام پر تھیں، پانچویں سم سے عابد رابطے کرتا تھا لیکن وہ بند کردی گئی تھی، گاڑی کا شیشہ توڑنے کے دوران عابد کا ہاتھ زخمی ہوا، گاڑی پر موجود خون سے اس کا ڈی این اے سیمپل لیا گیا۔فیاض الحسن چوہان نے بتایا کہ عابد پر 2013 میں بھی آبرو ریزی کا کیس درج ہوچکا ہے، ملزم پر آدھے سے زیادہ کیسز آبرو ریزی کے ہیں لیکن وہ بچتا رہا ہے، ملزم کے خلاف 13 وارداتوں کا مقدمات درج ہیں۔فیاض الحسن چوہان نے بتایا کہ عابد اور شفقت دونوں مل کر ڈکیتی کی وارداتیں کرتے تھے، واقعے والے دن بھی دونوں ملزمان ڈکیتی کی نیت سے موجود تھے، ملزمان جائے وقوعہ سے گزرنے والی ٹریکٹر ٹرالیوں کو لوٹتے تھے۔